نئی دہلی۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے کرکٹر رام نواس یادوکو انڈر19 ٹورنمنٹ میں عمر کی دھوکہ دہی کے معاملے میں مجرم پائے جانے کے بعد بی سی سی آئی نے اگلے دو سیزن کے لئے گھریلو کرکٹ سے معطل کیا ہے۔ دہلی اورڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے ساتھ رجسٹرڈ یادوکو بی سی سی آئی نے فورا نااہل کر دیا ہے اور ساتھ ہی 2020 تا 2022 گھریلو سیزن میں اس کے حصہ لینے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ ڈی ڈی سی اے کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ اس کی تصدیق ہو گئی ہے، ہمیں بی سی سی آئی نے مطلع کیا ہے کہ پرنس یادوکو عمر میں دھاندلی کا مجرم پایا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے مرکزی ثانوی تعلیم بورڈ (سی بی ایس ای) کی طرف سے جاری سند کی بنیاد پرکارروائی کی جس میں یادوکی تاریخ پیدائش 10 جون 1996 تھی لیکن اس کرکٹر نے کرکٹ بورڈ کو جو پیدائش کا سند تفویض کیا تھا اس میں اس کی تاریخ پیدائش 12 دسمبر2001 درج تھی۔ڈی ڈی سی اے کو بھیجے ای میل میں بی سی سی آئی نے کہاکہ پرنس رام نواس یادو (کھلاڑی شناختی نمبر 12968)، جسے ڈی ڈی سی اے نے 2018-19 سیزن میں انڈر 19 عمر میں رجسٹرڈ کیا اور پھر 2019-2020 میں دوبارہ رجسٹریشن کیا گیا۔اس کرکٹر نے حال میں جو پیدائش کی سند مقررکیا جاتا ہے اس کے مطابق اس کی تاریخ پیدائش 12 دسمبر 2001 ہے۔