نئی دہلی، 19 دسمبر (یو این آئی) بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی نے مبینہ 60 کروڑ روپے کے دھوکہ دہی کے معاملے میں جاری جانچ پر خاموشی توڑتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں غلط طریقے سے پھنسایا گیا ہے ۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ متعلقہ کمپنی کے ساتھ ان کی وابستگی محدود ہے اور وہ کسی آپریشنل کردار میں شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اس معاملے سے میرا نام جوڑنے کی بے بنیاد کوششوں سے مجھے افسوس ہوا ہے ۔ کمپنی کے ساتھ میرا تعلق مکمل طور پر غیر انتظامی سطح تک محدود تھا اور اس کے آپریشن، مالیات، فیصلہ سازی کے عمل یا کسی بھی قسم کے دستخطی اختیارات میں میرا کوئی کردار نہیں تھا۔ درحقیقت بہت سی دیگر عوامی شخصیات کی طرح میں نے ہوم شاپنگ چینل کے لیے پیشہ ورانہ طور پر کچھ مصنوعات کی توثیق کی تھی، جس کے لیے میری ادائیگی ابھی باقی ہے۔ محترمہ شیٹی نے یہ بھی کہا کہ میں ریکارڈ پر یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ہمارے خاندان کی جانب سے کمپنی کو تقریباً 20 کروڑ روپے کا قرض دیا گیا تھا، جو اب تک واپس نہیں کیا گیا ہے۔ تقریباً نو برسوں کی غیر واضح تاخیر کے بعد مجھ پر مجرمانہ ذمہ داری عائد کرنے کی دانستہ کوشش قانونی طور پر ناقابل برداشت ہے۔
