دہشت گردتنظیم ابو سیاف کے قبضے سے انڈونیشیائی رہا

   

منیلا، 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن کی فوج نے چہارشنبہ کو بتایا کہ اس نے انڈونیشیا کے ایک شہری کو دہشت گرد تنظیم ابو سیاف کے قبضے سے آزادکرالیا ہے ۔ اسے چار مہینے سے یرغمال بنا کر رکھا گیا تھا۔فوج کے مغربی منداناؤ کمان کے ترجمان گیری بیسانا نے بتایا کہ جوراگن کاپل سامسول ساگنی نامی شخص کو جنوبی فلپائن کے سولو صوبہ کے ایک گاؤں سے منگل کو بچایا گیا۔بیسانا نے بتایا کہ سولو کے شہر ہی جولو میں ساگونی کی فوجی اسپتال میں طبی جانچ کی گئی جس پتہ چلا کہ متاثر ساگونی کی صحت ٹھیک ہے ۔گذشتہ برس ابو سیاف کے دہشت گرد 11 ستمبر کو ساگونی اور انڈونیشیا کے ہی عثمان یوسف کو اغوا کرکے سولو صوبے میں واقع اپنے ٹھکانے پر لے گئے تھے ۔ جب وہ ملیشیا کے صباح میں سیمپورنا جزیرے کے قریب مچھلی پکڑ رہے تھے ۔فوج نے یوسف کو گذشتہ برس دسمبر میں ہی دہشت گردوں کی گرفت سے آزاد کرایا تھا۔