دہشت گردی سے سمجھوتہ نہیں، بے قصوروں کو پریشانی نہیں ہوگی:حکومت

   

نئی دہلی، 8 جولائي (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر اس کی زیرو ٹولرینس یعنی کسی بھی حال میں برداشت نہیں کرنے کی پالیسی ہے ، اس لئے دہشت گردی سے کوئي سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا لیکن یہ بھی یقینی بنایا گیا ہے کہ کسی معصوم کو بے وجہ تنگ نہیں کیا جائے ۔ وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے پیر کے روز لوک سبھا میں دہشت گردی کو روکنے کے لئے ‘ خلاف قانون سرگرمیاں ( انسداد) ترمیمی بل 2019’ اور قومی تحقیقاتی اتھارٹی (ترمیمی) بل 2019 ‘پیش کرتے ہوئے ایوان کو یقین دلایا کہ حکومت یہ دونوں بل دہشت گردی کے خلاف اپنی زیرو ٹولرینس پالیسی کو جاری رکھنے اور قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے ) کو زیادہ اختیارات دینے کے مقصد سے لائی ہے ۔ بل پر تشویش ظاہر کرنے والے اراکین کو انہوں نے یقین دلایا کہ یہ دونوں بل بہت سنجیدگی سے اور مکمل وقت لے کر تیار کئے گئے ہیں ، اس لئے کسی رکن کو بل کے سلسلے میں کوئي تشویش نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بل کی منظوری سے ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث کسی شخص کے خلاف حکومت سخت کارروائی کرسکے گي ۔ بل میں سخت التزامات کئے گئے ہیں کہ دہشت گردی پھیلانے میں ملوث شخص کو کسی بھی حال میں بخشا نہیں جائے گا اور بے قصور کو پریشان نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے کو اقوام متحدہ کے معاہدے کے مطابق کام کرنے کا اختیار دینے اور اس کو اور مضبوط بنانے کے التزامات کیے گئے ہیں۔ ایوان میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری اور ششی تھرور نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر اس اختیار کا غلط استعمال ہو سکتا ہے لیکن بل میں اس کو روکنے کی کوئی وعدہ نہیں کیا گیا ہے ۔ این آئي اے سے متعلق بل پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس بل کو ایوان میں لانے کی ضرورت نہیں تھی۔