دہشت گردی کا دائرہ تنگ کرنے سماجی ہم آہنگی ضروری:مودی

,

   

کانپور8 مارچ(سیاست ڈاٹ کام ) اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی کے دورے کے بعد کانپور پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی نے عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا دائرہ تنگ کرنے اور ان کے سرپرستوں کو سبق سکھانے سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو قائم رکھنے کی سخت ضرورت ہے مودی جمعہ کو کانپور کے ریلوے میدان میں منعقد ایک عام ریلی سے خطاب کررہے تھے ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کہ کچھ لوگ فضائیہ حملہ کو کمتر دکھانے کے لئے دن رات کوششیں کرر ہے ہیں۔ سیاسی مفاد کے لئے جس طرح کی بیان بازی کی جارہی ہے اس سے دشمن کو حوصلہ مل رہا ہے ۔ ایسی بات کرنے والے لوگوں کو شرم آنی چاہئے ۔ پاکستان کو جو پسند آئے ایسی باتیں ہندوستان میں بیٹھ کر کرنے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات تو آئیں گے اور چلے جائیں گے لیکن بے تکی بیان بازی کا فائدہ ملک کے دشمنوں کو نہ ملے یہ ذمہ داری ہر پارٹی کی ہے ۔ پاکستان پر پوری دنیا کا دباؤ ہے ۔ دہشت گردی کے معاملے میں پڑوسی ملک رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے ۔ وہ اب کسی کو منھ دکھانے کے لائق نہیں رہ گیا ہے لیکن ہمارے لوگوں کے بیان پاکستان کو مدد فراہم کرر ہے ہیں۔ ان بیانوں کی بنیاد بنا کر وہ دنیا کے سامنے صفائی پیش کرتا گھوم رہا ہے ۔ یہ سخت گناہ کچھ پارٹیوں کے لیڈروں کے ذریعہ کیا جارہا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرحد سے منصوبہ بند دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن لڑائی حکومت لڑ رہی ہے ۔ دہشت گرد اور اس کے آقا اپنا خاتمہ سامنے دیکھ رہے ہیں ان کے حواس باختہ ہیں۔ جس کا نتیجہ ہے کہ جمعرات کو جموں میں حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ فطری ہے ۔ ان کو پالنے پوسنے والوں کی بھوکھلاہٹ سامنے آئے گی۔ ایسے میں ملک کے ہر شہری کو محتاط رہتے ہوئے ملک کے تئیں اپنے فرض کو نبھانے کی ضرورت ہے ۔