سری نگر، 29 جولائی (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے داچھی گام انکاونٹر میں مارے گئے 3 دہشت گردوں کے بارے میں پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ واقعی وہی دہشت گرد تھے ، تو یہ اچھی بات ہے کہ انہیں یہ سبق ملا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں ملک بھر سے آئے ہوئے طلبا کے ایک اجتماع سے خطاب کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان طلباء کے ساتھ بامعنی زندگی گزارنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ان اقدار پر عمل کریں گے اور جموں و کشمیر کا نام دنیا بھر میں پھیلائیں گے ۔ داچھی گام انکائونٹر میں مارے گئے 3 ملی ٹنٹوں کے متعلق پارلیمنٹ میں وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ کیونکہ میں نے ان کو دیکھا نہیں نہ میں ان کو جانتا ہوں، جن لوگوں نے ان کو دیکھا تھا وہی ان کی شناخت کر سکتے ہیں۔
پاکستانی ڈرون سے گرایا گیا ہیروئن کا پیکٹ سرحد کے قریب ضبط
جموں29جولائی(یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں منگل کو بین الاقوامی سرحد کے نزدیک بی ایس ایف اہلکاروں نے ایک زرد رنگ کے پیکٹ سے 500 گرام ہیروئن برآمد کر لی، جو پاکستانی ڈرون کے ذریعے بھارتی حدود میں گرائی گئی تھی۔ برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت دو کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے ۔