دہشت گردی کو ملک پر کبھی حاوی نہیں ہونے دوں گا:عمران

,

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد، 17 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ دہشت گرد نظریات کو کبھی بھی ملک پر غلبہ حاصل نہیں ہونے دیں گے ۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مسٹر خان نے آرمی پبلک اسکول میں قتل عام کی پانچویں برسی پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے ‘دقیانوسی خیالات’ کے ساتھ کبھی بھی ملک کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے قتل عام میں شہید ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معصوم افراد کے خون نے تمام قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی، تشدد اور نفرت کے خلاف لوگوں کو متحد کر دیا ہے ۔وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران اپنی جان گنوانے والے مسلح فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے جوانوں کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا نے کہا کہ اے پي ایس قتل عام کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشن کے ڈائرکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کرکے مسٹر باجوا کے حوالہ سے کہا، “اے پي ایس حملے میں شامل پانچ دہشت گردوں کو فوجی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی ہے ’’۔مسٹر باجوا نے قتل عام کے شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کو سلامی دیتے ہوئے ان کے لئے تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا‘‘یکجہتی سے ہی ہم پاکستان کو امن اور خوشحالی کے راستہ پر لے جا سکتے ہیں’’۔پاکستان کے صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا‘‘اے پي ایس کے چھوٹے اور معصوم بچوں اور اساتذہ کے قتل عام کو ملک کبھی فراموش نہیں کرسکتا’’۔ انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے ختم کرنے کے ملک کے عزائم کو بھی دہرایا۔قابل غور ہے کہ 16 دسمبر 2014 کو دہشت گردوں نے فوج کی جانب سے چلائے جارہے اے پی ایس میں دہشت گردوں نے حملہ کرکے 130 اسٹوڈنٹس سمیت 150 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیاتھا۔ اس واقعہ نے پورے ملک کو ساکت کر دیا تھا اور حکومت کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی ایکشن پلان بنانے اور ‘خطرناک’ دہشت گردوں کے مقدمات کی سماعت کے لئے فوجی عدالتوں کے قیام کے لئے مجبور کر دیا تھا۔