دہشت گردی کے خلاف کشمیری مسلمانوں کے جذبہ کی ستائش

   

مذہبی تفریق اور کشمیر کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی سازش، ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی کا پہلگام دہشت گرد حملہ پر تبصرہ
حیدرآباد 25 اپریل (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے حیدرآباد میں جاری بھارت سمٹ 2025 کو تاریخی ایونٹ قرار دیا اور کہاکہ سمٹ میں سماجی انصاف اور ترقی پسند اُصولوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کی ترقی کو 100 ممالک کے مندوبین کے روبرو پیش کرنے کا موقع فراہم ہوا۔ 450 سے زائد بیرونی مندوبین ہندوستان میں انصاف، ماحولیاتی تحفظ، اقتصادی ترقی اور دیگر موضوعات پر سیر حاصل بحث کررہے ہیں۔ حیدرآباد میں عالمی طرز کے سمٹ کا انعقاد حکومت کے لئے باعث فخر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے ملک بھر میں فلاحی اسکیمات کے سلسلہ میں جو منفرد مقام حاصل کیا ہے اِس کا احساس مندوبین کو بخوبی ہورہا ہے۔ پہلگام میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ملک میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے لئے یہ بزدلانہ حرکت کی گئی۔ ہندوستانی فضائیہ میں فائٹر پائلیٹ کی حیثیت سے اپنی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ میں نے اونتی پور ایئر اسٹیشن میں خدمات انجام دی ہیں جو سرینگر کے قریب ہے۔ اِس کے علاوہ سیاچن گلیشئر اور لداخ میں بھی ایئر ڈیفنس آپریشن کا حصہ رہے۔ مَیں علاقہ کی بنیادی صورتحال سے اچھی طرح واقف ہوں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوؤں اور مسلمانوں کو تقسیم کرنے کے علاوہ کشمیر کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لئے پہلگام میں سیاحوں پر حملہ کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کشمیری مسلمانوں کی ستائش کی جو متحدہ طور پر دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہیں۔ اُنھوں نے کشمیری مسلمانوں کی جانب سے دہشت گردی کی مذمت اور پہلگام میں سیاحوں کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات پر ستائش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ حملہ کے ذمہ داروں اور اُن کی سرپرستوں کرنے والوں کو سخت ترین سزا دی جانی چاہئے۔ یہ حملہ کسی علاقہ تک محدود نہیں بلکہ ملک کے اتحاد اور یکجہتی پر حملہ ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے قومی اتحاد پر زور دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ وقت نہیں ہے کہ ہم اپنے سیاسی اختلافات کو ہوا دیں بلکہ ہمیں متحد رہنا ہوگا۔1