دہلی اسمبلی انتخابات کی مہم کا اختتام، کل ووٹنگ ، /11 فبروری کو نتائج، سخت سکیورٹی انتظامات

,

   

نئی دہلی ۔ /6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے مہم کا آج شام اختتام عمل میں آیا ۔ بی جے پی نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے اہم مقام شاہین باغ کو بڑا مسئلہ بناتے ہوئے جارحانہ انداز میں اپنی انتخابی مہم چلائی جبکہ برسراقتدار عام آدمی پارٹی نے دہلی کی ترقی اور گزشتہ سال پانچ برسوں میں حکومت کے اقدامات کو عوام کے سامنے پیش کیا ۔ کانگریس کا انتخابی مہم میں کوئی خاص اثر نہیں دیکھا گیا ۔ تینوں بڑی جماعتوں نے آخری دن رائے دہندوں کو راغب کرنے کی بھرپور کوشش کی اور مہم کے دوران شہریت ترمیمی ’قانون‘ اقلیتوں کی خوشامد کرنے والی سیاست اور بے روزگاری کے بشمول دیگر امور کو موضوع بنایا ۔ انتخابی مہم آج شام 6 بجے ختم ہوگئی ۔ 70 رکنی دہلی اسمبلی کے لئے /8 فبروری ہفتہ کو رائے دہی ہوگی اور /11 فبروری منگل کو نتائج کا اعلان کردیا جائے گا ۔ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا نے مشرقی دہلی کے اپنے حلقہ میں پارٹی کارکنوں اور قائدین کی بری تعداد کے ساتھ پدیاترا کی ۔مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے شمال مشرقی دہلی کے سیلم پور ، ہری نگر اور مدھی پورہ مغربی دہلی میں 3 روڈ شوز کئے ۔ بی جے پی نے قومی دارالحکومت دہلی میں مرکزی حکومت کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز کی اور برسراقتدار عام آدمی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے کئی ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کی ہے ۔ بی جے پی نے شاہین باغ کو اپنی انتخابی مہم کا اہم موضوع بنایا ۔ بی جے پی کی مہم میں وزیراعظم نریندر مودی کے بشمول تمام بڑے قائدین حصہ لیا جن میں بی جے پی صدر جے پی نڈا ، اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ بھی شامل ہے جنہوں نے اپنی مہم کے دوران شاہین باغ میں جاری احتجاج کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کے علاوہ بی جے پی نے اپنے اقتدار والی ریاستوں کے چیف منسٹرس کو بھی انتخابی مہم کیلئے مدعو کیا تھا جن میں وجئے روپانی (گجرات)، منوہر لال کٹھر ہریانہ اور اترپردیش کے یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ منی پور کے چیف منسٹر بھی شامل تھے ۔ بی جے پی کی انتخابی مہم اُس وقت تنقیدوں کی زد میں آگئی جب مملکتی وزیر انوراگ ٹھاکر نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دیش کے غداروں کو ، گولی مارو ۔۔۔۔ جیسے نعرے لگائے ۔ اسی طرح مغربی دہلی کے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے شاہین باغ سے متعلق متنازعہ بیان دیا تھا ۔