دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی بوتھ ورکرز کی 5 جنوری کو کانفرنس

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں اقتدار سے 21 سال سے دور بی جے پی نے اپنے بوتھ سطح کے کارکنوں کو فعال کرنے کیلئے 5 جنوری کو ایک کانفرنس کا انعقاد کیا ہے۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اور بی جے پی کے دہلی کے انتخابات انچارج پرکاش جاوڈیکر نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بوتھ سطح کے کارکنوں کی کانفرنس 5 جنوری کو اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں ہوگی۔ اس کانفرنس میں بی جے پی کے 15 ہزار کارکنان شرکت کریں گے ، جس میں پارٹی کے صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اسمبلی انتخابات جیتنے کے لئے فارمولہ دیں گے۔ اس موقع پر بی جے پی کے نائب صدر شیام جاجو ، دہلی کے سابق بی جے پی صدر اور ممبر پارلیمنٹ وجے گوئل اور بہت سے دوسرے رہنما موجود تھے ۔ جاوڈیکر نے کہا کہ دہلی اسمبلی کا انتخاب 2020 کا پہلا الیکشن ہوگا۔ بی جے پی اس کا مقابلہ پوری طاقت کے ساتھ ایک مثبت ایجنڈے کے ساتھ کرے گی اور انہیں یقین ہے کہ اس بار کامیابی پارٹی کی جھولی میں ہوگی۔ جاوڈیکر نے اس سوال سے گریز کیا کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں وزیر اعلی کا چہرہ کون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی حکمت عملی کے مطابق صحیح فیصلہ کرے گی اور جو بھی فیصلہ ہوگا فیصلہ وقت آنے پر کیا جائے گا۔ اہم بات یہ ہے کہ آئندہ چند روز میں دہلی میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ بی جے پی گذشتہ 21 سالوں سے اقتدار سے باہر ہے ۔ گذشتہ انتخابات میں بی جے پی کو 70 رکنی اسمبلی میں صرف تین نشستوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا تھا۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے تاریخی فتح حاصل کی اور 67 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ کانگریس ، جو تین بار اقتدار میں رہی تھی ، صفر پرسمٹ گیا تھا۔