دہلی انتخابات ، بی جے پی کئی امیدواروں کو بدلنے کی خواہاں

   

نئی دہلی ۔ بی جے پی نے دہلی میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں تیزکردی ہیں۔ بی جے پی نومبر کے آخری ہفتے سے دہلی میں اپنے انتخابی مہم میں تیزی لائے گی۔ ایک ہفتے کے اندر ریاستی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی، امیدوار سلیکشن کمیٹی اور ریاستی کورگروپ تشکیل دیا جائے گا۔ بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات میں تقریباً 10 کونسلروں اور ایلڈرمین کونسلروں کو میدان میں اتارنے کی تیاری کر رہی ہے۔ انتخابات میں بی جے پی مضبوط اور اچھی شبیہ والے کونسلروں کو میدان میں اتارے گی۔ کالکا سے یوگیتا سنگھ، بابر پور سے مکیش بنسل اور منڈکا سے گجیندر دلال جیسے مضبوط کونسلروں کو اسمبلی انتخابات میں موقع دیا جا سکتا ہے۔ دہلی کے کئی سابق ارکان پارلیمنٹ جنہیں اس لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا وہ الیکشن لڑیں گے۔ساتھ ہی سابق ارکان پارلیمنٹ رمیش بدھوری اور پرویش ورما کا اسمبلی الیکشن لڑنا یقینی ہے۔ بی جے پی اتحاد میں شامل اپنے اتحادیوں کو دہلی اسمبلی میں 3 سیٹیں دے سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق این ڈی اے کی حلیف جے ڈی یوکو دہلی میں دو اور ایل جے پی (رام ولاس) کو ایک سیٹ دی جا سکتی ہے۔ دہلی کی سیما پوری، براری اور سنگم وہار اسمبلی سیٹیں اتحادی جماعتوں جیسے جے ڈی یو اور ایل جے پی کو دی جا سکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق دہلی کے موجودہ 7 ایم ایل اے میں سے زیادہ ترکے ٹکٹ کٹ سکتے ہیں۔ بی جے پی کے کئی موجودہ ایم ایل ایزکی سروے رپورٹ منفی پائی گئی ہے۔ پارٹی دہلی کے لکشمی نگر اسمبلی حلقہ سے ابھے ورما، گاندھی نگر سے انیل باجپائی، وشواس نگر سے موجودہ ایم ایل اے اوم پرکاش شرما، گونڈا اسمبلی حلقہ سے موجودہ ایم ایل اے اجے مہاور جیسے موجودہ ایم ایل اے کی سیٹوں پر سروے کر رہی ہے۔