سکیوریٹی کی سنگین ناکامی کا اظہار، جناب سعادت اللہ حسینی کا ردعمل
حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند نے دہلی کے لال قلعہ کے قریب بم دھماکہ کی شفاف تحقیقات اور قصورواروں کو سزا کے علاوہ متاثرین کو مناسب معاوضہ کا مطالبہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے لال قلعہ کے قریب ہلاکت خیز دھماکہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس واقعہ کی شفاف اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کے ذریعہ سکیوریٹی میں ہونے والی کوتاہیوں کا جائزہ لیا جائے۔ اُنھوں نے مہلوکین کے پسماندگان اور زخمیوں کو مناسب معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی ہند نے کہاکہ لال قلعہ کے قریب دھماکہ تشویش کا باعث ہے جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ ہم متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ غم اور کرب کی اِس گھڑی میں جماعت اسلامی دہلی کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ دھماکہ دہشت گردانہ کارروائی ہوسکتا ہے۔ اگر تحقیقات اداروں کی جانب سے اِس بات کی تصدیق ہوتی ہے تو جماعت اسلامی سخت الفاظ میں اِس واقعہ کی مذمت کرتی ہے۔ دہشت گرد کارروائیوں کے ذریعہ معصوم انسانوں کا قتل انتہائی گھناؤنا اور سفاکانہ جرم ہے۔ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔ قومی دارالحکومت کے قلب میں ایسا واقعہ سکیورٹی کی سنگین ناکامی کی نشاندہی کرتا ہے۔ عوامی تحفظ کے ذمہ داران کا فوری احتساب ہونا چاہئے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اہمیت کا حامل ہے اور حکومت پر لازم ہے کہ وہ شہریوں کی حفاظت کیلئے اپنے دستوری فرائض بخوبی انجام دے۔ میڈیا اور سوشل میڈیا کے بعض گوشوں میں دھماکہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی مذمت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہند نے کہاکہ بحران کے وقت عوام میں اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ جو لوگ اِن واقعات کو اپنے نظریاتی یا سیاسی فائدہ کے لئے استعمال کرتے ہیں اُنھیں بے نقاب کرکے قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہئے۔ جناب سعادت اللہ حسینی نے دھماکہ کی جامع اور شفاف اور مقررہ مدت میں تحقیقات کا مطالبہ کیا۔1