نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے دہلی فسادات کیلئے مرکزی وزیرداخلہ اور مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کیلئے کانگریسی عبوری صدر سونیا گاندھی کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ وہ دہلی کے فسادات کو سیاسی رنگ دے رہی ہے۔ دہلی میں فسادات کیلئے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے استعفیٰ کیلئے اپوزیشن کے مطالبہ کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ بی جے پی کے سینئر قائد و مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ امیت شاہ دہلی کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس کے ساتھ مسلسل کام کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تشدد ختم ہوگیا ہے اور سچائی کا پتہ لگانے کے علاوہ خاطیوں کی شناخت کیلئے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
