نئی دہلی ۔ 6 فبروری (ایجنسیز) شمال مشرقی دہلی میں 2020 کے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران 23 سالہ مسلم نوجوان فیضان کی المناک ہلاکت کے معاملہ میں سی بی آئی نے اپنی چارج شیٹ میں قتل (دفعہ 302) کو شامل نہ کرتے ہوئے دو دہلی پولیس اہلکاروں کے خلاف نسبتاً ہلکی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ایک بار پھر انصاف، پولیس جواب دہی اور اقلیتی حقوق سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ سی بی آئی نے ہیڈ کانسٹیبل رویندر کمار اور کانسٹیبل پون یادو کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعات 323 (جان بوجھ کر چوٹ پہنچانا)، 325 (سنگین چوٹ پہنچانا) اور 304(II) (قتلِ خطا جو قتل کے زمرے میں نہیں آتا) کے تحت چارج شیٹ داخل کی ہے، جس میں زیادہ سے زیادہ دس سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔