دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس کو شرکت کیلئے مدعو کیا گیا
حیدرآباد ۔ 14۔ جولائی (سیاست نیوز) مرکزی محکمہ جل شکتی نے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں پانی کے تنازعہ کو حل کرنے کیلئے 16 جولائی کو دہلی میں ایک اجلاس منعقد کیا ہے۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی اور چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو کو مدعو کیا گیا۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش کے جنکا چرلا پراجکٹ کے تعلق تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعتراض کیا اور دہلی پہنچ کر اس پراجکٹ کی تعمیرات کو روکنے کی نمائندگی بھی کی تھی جس کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کے بعد مرکزی محکمہ جل شکتی نے دریائے کرشنا اور گوداوری کے پانی کے استعمال کے تعلق سے دونوں تلگو ریاستوں میں پائے جانے والے اختلافات و تنازعات کو حل کرنے کیلئے ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اس سلسلہ میں دونوں چیف منسٹرس کو بھی مرکزی محکمہ جل شکتی کی جانب سے تحریری طور پر اجلاس کے تعلق سے واقف کرایا گیا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی تلنگانہ سے ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھارہے ہیں جبکہ چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو کا دعویٰ ہے کہ وہ سمندر میں ضائع ہونے والے پانی کو استعمال کر رہے ہیں، اس سے تلنگانہ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ یہ مسئلہ دونوں تلگو ریاستوں میں سیاسی مسئلہ بن گیا ہے۔ حکمرانوں اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اس پر ناانصافیوں کی شکایتیں ہیں جس کے بعد مرکزنے تنازعات کو حل کرنے یہ اجلاس طلب کیا ہے ۔2