دہلی میں بھارت بچاؤ ریالی میں تلنگانہ کانگریس قائدین کی شرکت کا فیصلہ

   

ہر اسمبلی حلقہ سے 10 قائدین شرکت کریں گے، صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) مرکز کی معاشی پالیسیوں کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے 30 نومبر کو نئی دہلی میں بھارت بچاؤ احتجاج میں تلنگانہ ریاست سے قائدین کی شرکت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر اسمبلی حلقہ سے 10 قائدین شرکت کریں گے اور اس سلسلہ میں ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار اور سی جے سرینواس کو انچارج مقرر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے نوٹ بندی ، جی ایس ٹی اور دیگر معاشی پالیسیوں کے نتیجہ میں ملک معاشی بحران کا شکار ہوچکا ہے ۔ تمام شعبہ جات کی صورتحال ابتر ہے اور ملک کا معاشی نظام دن بہ دن ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن چکا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نئی دہلی میں ملک گیر سطح کا احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی معاشی پالیسیوں کے نتیجہ میں چھوٹی اور متوسط صنعتیں کئی مسائل کا شکار ہیں ۔ اے آئی سی سی نے 30 نومبر کو نئی دہلی میں بھارت بچاؤ ریالی بڑے پیمانہ پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملک میں زرعی شعبہ بحران کا شکار ہے ۔ کسان خودکشی پر مجبور ہیں۔ اور ز رعی پیداواری اشیاء کی امدادی قیمت کی ادائیگی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ ملک میں جی ڈی پی کی شرح 5 فیصد تک گھٹ چکی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کئی معاملات میں غیر جمہوری اور غیر دستوری فیصلوں کے ذریعہ عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ 30 نومبر کو نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج منظم کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے ہر اسمبلی حلقہ سے 10 قائدین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ضلع کانگریس صدور 10 افراد کی نشاندہی کریں گے۔ اتم کمار ریڈی نے قائدین کی نئی دہلی روانگی کے پروگرام کی نگرانی ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، کسم کمار اور جنرل سکریٹری سی جے سرینواس کے ذمہ کی ہے۔ نئی دہلی کے احتجاج میں اے آئی سی سی ، پی سی سی ارکان ، ضلع کانگریس صدور ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل پارٹی ترجمان، منڈل اور اسمبلی سطح کے قائدین شرکت کریں گے۔ اسی دوران اتم کمار ریڈی نے 19 نومبر کے آر ٹی سی جے اے سی کے احتجاجی پروگرام کی تا ئید کا اعلان کیا۔ جے اے سی نے مطالبات کی تائید میں سڑک بند پروگرام کا اعلان کیا ہے ۔ کانگریس کے علاوہ دیگر اپوز یشن جماعتیں بھی آ ر ٹی سی ملاز مین کے احتجاج کی تائید کر رہی ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے آر ٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر سنیل شرما کی جانب سے ہائی کورٹ میں داخل کردہ حلفنامے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیدار نے یہ باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ جے اے سی قائدین کانگریس پارٹی سے مل کر حکومت غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین اپنے جائز مطالبات کیلئے ہڑتال پر ہے اور ابھی تک 24 سے زائد ملازمین کی موت واقع ہوچکی ہے ، اس کے باوجود حکومت کا غیر انسانی رویہ برقرار ہے۔