پونے 14 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے آج کہا ہے کہ کانگریس کا اچانک منظر سے غائب ہوجانا دہلی کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کی وجہ ہے۔ منظر سے کانگریس کے اچانک غائب ہوجانے کی وجہ سے مقابلہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان رہ گیا تھا۔ دہلی انتخابات میں اروند کجریوال کی زیرقیادت عام آدمی پارٹی نے 70 اسمبلی نشستوں میں 62 پر اپنا قبضہ رکھا جبکہ بی جے پی نے گزشتہ کے برعکس اِس مرتبہ بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 8 نشستوں پر کامیابی کی مہر ثبت کی جبکہ کانگریس متواتر دوسری مرتبہ اپنا کھاتا بھی نہیں کھول پائی۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرکاش جاوڈیکر نے کہاکہ دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کی وجہ کانگریس کا غائب ہوجانا ہے۔ یہ الگ موضوع ہے کہ کانگریس کس وجہ سے منظر سے غائب ہوئی یہ اُس کا اپنا معاملہ ہے۔ عوام نے کانگریس کو اِس لئے بھی ووٹ نہیں دیا کیوں کہ وہ اپنا ووٹ منقسم نہیں کرنا چاہتے تھے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ کانگریس جس نے لوک سبھا انتخابات میں 26 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے وہ دہلی انتخابات میں 4 فیصد ووٹ حاصل کرسکتی تھی۔ کانگریس کے اِس طرح میدان سے ہٹ جانے کی وجہ سے مقابلہ راست طور پر بی جے پی اور عام آدمی پارٹی میں ہی رہ گیا تھا جس کے بعد ہم اُمید کررہے تھے کہ 42 فیصد ووٹ ہمیں ملیں گے اور 48 فیصد ووٹ عاپ کو جائیں گے لیکن اِس کے باوجود 3 فیصد ووٹ کا فرق آیا۔ ہم (بی جے پی) نے 39 فیصد اور عاپ نے 51 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں۔