نئی دہلی۔ 25 مئی (ایجنسیز) ملک کے دارالحکومت دہلی میں اتوار کی صبح تیز آندھی گرج چمک اور موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی۔ اس طوفانی موسم کے اثرات سے ہمیشہ مصروف رہنے والا اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کا۔ ٹرمینل۔ 1 جزوی طور پر متاثر ہوا۔ ایک مقام پر چھت سے اچانک پانی ٹپکنے اور ایک حصہ کے متاثر ہونے کے مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں اس حادثہ میں کسی بھی طرح کے جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب رات بھر ہونے والی شدید بارش کے سبب 17 بین الاقوامی پروازوں سمیت کل 49 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، جیسا کہ حکام نے بتایا ہے۔ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً 2 بجے،گرج چمک کے ساتھ 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ صرف 30 سے 45 منٹ کے اندر ہی 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس اچانک تیز بارش کے باعث ہوائی اڈے کے آس پاس پانی جمع ہو گیا جس سے کئی پروازوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیش آئی۔ حکام کے مطابق، تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے ٹرمینل 1 کے “ارائیول فور کورٹ’’ کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے، تاہم دیگر حصے محفوظ ہیں۔ خراب موسم کے سبب ہوائی اڈے پر مزید پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں ایسا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ایئرپورٹ حکام نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مسافروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو اس کے لیے ان کی ٹیمیں متحرک ہیں۔ ایڈوائزری میں مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ رکھیں۔ اس سلسلے میں ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی ایک پوسٹ کیا گیا ہے۔ اسی اثنا میں کانگرس پارٹی نے ٹویٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا یہی وکاس ہے۔