نئی دہلی۔ دارالحکومت دہلی کے جعفرآباد واقع موج پور علاقہ میں ایک بار پھر ماحول بگاڑنے کی کوشش کچھ شرپسندوں نوجوانوں کے ذریعہ کی گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ 4 اگست کی شام کا ہے جب کچھ نوجوانوں نے موج پور علاقہ کے کچھ مکانوں پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں ایک دہشت پیدا ہو گئی۔ لیکن علاقے کے ہندو۔مسلم بھائیوں کے اتحاد کا نتیجہ تھا کہ حالات خراب نہیں ہوئے اور امن کا ماحول برقرار رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ موج پور واقع فاطمہ مسجد کے پاس شرپسند نوجوانوں نے کھڑے ہو کر کافی ہنگامہ بھی کیا اور کچھ چشم دید لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ نازیبا کلمات ادا کر رہے تھے۔ خبروں کے مطابق حالات خراب ہونے سے پہلے ہی علاقے میں ذمہ دار لوگ جمع ہونے لگے اور مقامی ایم ایل اے بھی وہاں پہنچے۔ بہر حال پی ایس تھانہ میں شکایت درج ہو گئی ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ہنگامہ پیدا کرنے والے نوجوان کون تھے۔
