نئی دہلی۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت میں منگل کی صبح تیز ہوا کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں جام لگ گیا اور لوگوں کو اپنے دفتر پہنچنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہاں صبح ساڑھے آٹھ بجے تک 12.6 ملی میٹر بارش ہوئی اور کم از کم درجہ حرارت 26.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کا عمومی درجہ حرارت ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہاں پر صبح ساڑھے آٹھ بجے تک نمی کی سطح 97 فیصد رہی۔ راجدھانی میں دن میں بھاری بارش کے ساتھ عام طور پر بادل چھائے رہنے کے آثار ہیں۔ آج یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہنے کی امید ہے ۔ دہلی میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا، جو موسم کے مطابق تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔