دہلی میں ٹی آر ایس کے دفتر کی بھومی پوجا، چیف منسٹر اور وزراء کی شرکت

,

   

کسی بھی علاقائی جماعت کا پہلا دفتر ہوگا، کے ٹی آر نے کارکنوں کو مبارکباد پیش کی
حیدرآباد۔2 ۔ستمبر (سیاست نیوز) نئی دہلی کے وسنت وہار علاقہ میں آج ٹی آر ایس پارٹی کے دفتر کے تعمیری کاموں کے آغاز کے لئے بھومی پوجا کا اہتمام کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، کابینی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے علاوہ سینئر قائدین کی کثیر تعداد کی موجودگی میں کے سی آر نے بھومی پوجا کی اور سنگ بنیاد رکھا ۔ مہورت کے مطابق دوپہر ایک بجکر 48 منٹ پر چیف منسٹر نے سنگ بنیاد کی رسم ادا کی ۔ دوپہر 12.00 بجے سے اراضی پر پوجا کا آغاز کیا گیا اور کے سی آر نے ویدک منتروں اور اشلوکوں کی گونج میں پارٹی دفتر کے تعمیری کاموں کا آغاز کیا ۔ چیف منسٹر اس تقریب کے لئے وزراء اور عوامی نمائندوں کے ساتھ بطور خاص نئی دہلی پہنچے تھے۔ بھومی پوجا اور دیگر مذہبی رسومات ہندو روایات کے مطابق انجام دی گئیں۔ چیف منسٹر کے ہمراہ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ ، سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راو ، ریاستی وزراء محمد محمود علی ، پرشانت ریڈی ، سرینواس گوڑ ، جی کملاکر ، ملا ریڈی ، سبیتا اندرا ریڈی ، نرنجن ریڈی ، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان اور اسمبلی اور کونسل کے ارکان کی کثیر تعداد شریک تھی۔ مرکزی حکومت نے ٹی آر ایس آفس کے لئے تقریباً 1300 مربع گز اراضی الاٹ کی ہے ۔ تعمیر کیلئے عمارت کے منصوبہ کو حکام نے پہلے ہی منظوری دے دی ہے۔ بھومی پوجا کے موقع پر پنڈتوں نے کے سی آر کی صحت ، درازی عمر اور لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کیلئے خصوصی ہون کیا۔ اسی دوران ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ دہلی میں ٹی آر ایس کی عمارت دراصل تلنگانہ عوام کی عزت نفس کی علامات رہے گی۔ تین دہے قبل کیسی آر نے جل دروشیم سے تلنگانہ تحریک کا آغاز کیا تھا اور مختلف مراحل میں طویل جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعہ علحدہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کے سی آر کے ہاتھوں نئی دہلی میں پارٹی عمارت کے سنگ بنیاد کو تاریخی دن قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول کے لئے چیف منسٹر کے سی آر نے کئی علاقائی اورقومی جماعتوںکی تائید حاصل کرتے ہوئے اس وقت کی مرکزی حکومت کو تلنگانہ کی تشکیل پر مجبور کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی نے تلنگانہ کی تشکیل کے معاملہ میں ٹال مٹول سے کام لیا ۔ تاہم چیف منسٹر نے مرن برت کا آغاز کرتے ہوئے علحدہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 برسوں میں کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت عوام کی بھلائی اور ریاست کی تر قی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے شروع کردہ مختلف اسکیمات اور پراجکٹس کی تعمیر کا حوالہ دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ نئی دہلی میں جنوبی ہند کی کسی بھی سیاسی جماعت کا یہ پہلا دفتر رہے گا جو ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کیلئے باعث فخر ہے ۔ انہوں نے پارٹی آفس کے قیام پر قائدین اور کیڈر کو مبارکباد پیش کی ۔ R