نئی دہلی: دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ دہلی کے بازاروں کو پیر سے معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہلی میں تاحال بازاروں کو کووڈ-19 کے سبب رات 8 بجے تک ہی کھلے رکھنے کی اجازت تھی۔ تاہم کووڈ کے معاملوں کی گھٹتی تعداد کے پیش نظر پیر سے پابندی کو ہٹا دیا جائے گا۔ اب بازار اپنے معمول کے مطابق کھولے جا سکتے ہیں۔‘‘خیال رہے کہ کورونا وبا کی دوسری لہر کا زور کم ہو جانے کے بعد شہر کو پھر سے کھولے جانے کے باوجود دہلی کے بازاروں کو رات 8 بجے تک ہی کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔ چونکہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے دہلی میں کورونا کی صورت حال میں بہتری آئی ہے، لہذا چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے مطالبہ کیا تھا کہ مال اور بازاروں کے بند ہونے کے وقت کو رات 8 بجے کے بجائے رات 10 بجے تک بڑھایا جانا چاہئے۔