نئی دہلی ، 11 جنوری (یو این آئی) اتوار کو قومی دارالحکومت میں سردی کی لہر اور تیز ہوگئی۔ حالانکہ اس شدید فضائی آلودگی سے کوئی راحت نہیں مل سکی۔ شہر کے بیشتر حصوں میں ہوا کا معیار “بہت خراب” زمرے میں رہا ۔محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی میں سرد لہر کی کیفیت اس وقت سامنے آئی جب پالم، رج اور آیا نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت 4.1 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ریکارڈ کیا گیا۔ محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ کل بھی سرد لہر جاری رہنے کا امکان ہے ، جس کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) خطرناک سطح پر ہے ۔ جہانگیرپوری میں ہوا کا معیار 342 کے اے کیو آئی کے ساتھ بدترین ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ آنند وہار میں 339 ریکارڈ کیا گیا ۔چاندنی چوک میں صبح 9 بجے اے کیو آئی 330 ، وزیر پور میں 326 ، روہنی میں 317 اور وویک وہار میں 317 ریکارڈ کیا گیا ۔ بوانا اور دوارکا بھی بالترتیب 306 اور 307 کے اے کیو آئی ریڈنگ کے ساتھ آلودہ رہے ۔
