عاپ کو 134، برسراقتدار بی جے پی کو104 ، کانگریس کو9 نشستیں
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عاپ) نے چہارشنبہ کو دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) میں 134سیٹوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ برسراقتدار بی جے پی کو250 رکنی کارپوریشن میں 104 سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا ہے ۔ کانگریس کو 9نشستوں پر کامیابی ملی جبکہ 3 آزاد امیدوار منتخب ہوئے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق آپ لیڈر اور ایم سی ڈی انتخابات میں واحد ٹرانسجینڈر امیدوار، بوبی چہارشنبہ کو سلطان پوری۔ اے وارڈ سے جیت گئے ۔ انہوں نے کانگریس امیدوار ورون ڈھاکہ کو 6,714 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ انہوں نے پارٹی کی نمائندگی کیلئے منتخب ہونے کے بعد کہا تھا کہ وہ اپنے حلقے کو خوبصورت بنانا اور اپنے پڑوسیوں کی زندگیوں میں بہتر ی لانا چاہتی ہیں۔ادھر دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا نے امید ظاہر کی ہے کہ پارٹی چوتھی بار اقتدار میں آئے گی۔ گپتا نے ٹویٹ کیا کہ دہلی کے وزیر اعلی نے جس طرح سے بدعنوانی کی اور اس کے ساتھ دھوکہ بازی کی، اس کا بدلہ دہلی کے لوگ لیں گے ۔ مجھے دہلی کے لوگوں پر بھروسہ ہے ۔ ہم نے مسائل اٹھائے، آپ کی بدعنوانی کو بے نقاب کیا اور ان کی ناکامیوں کو بے نقاب کیا۔ ہم ایم سی ڈی میں چوتھی بار اقتدار میں آنے والے ہیں۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے ٹویٹ کیا کہ اروند کجریوال نے دہلی میں کانگریس کی 15 سالہ حکومت کو گرایا اور اب ایم سی ڈی میں (بی جے پی) کی 15 سال کی حکمرانی کو اکھاڑ پھینکا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہلی کے لوگ نفرت کی سیاست کو پسند نہیں کرتے ، وہ اسکولوں، ہاسپٹلس، بجلی، صفائی اور بنیادی ڈھانچے کے لئے ووٹ دیتے ہیں۔دریں اثنا عاپ کارکن دہلی میں پارٹی دفتر میں ایم سی ڈی انتخابات میں جیت کا جشن منا رہے ہیں۔
سرکاری رجحانات کے مطابق پارٹی نے 89 سیٹیں جیتی ہیں اور 56 دیگر پر آگے ہے ۔
ووٹوں کی گنتی سخت سکیورٹی کے درمیان جا ری ہے ۔