دہلی کی آج پنچاب کے خلاف پلے آف پر نظریں

   

دبئی۔ آئی پی ایل13 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی دہلی کیپیٹلز ٹیم منگل کوکنگز الیون پنجاب کے خلاف پلے آف میں رسائی کے ارادے سے جبکہ پنجاب کی ٹیم جوابی کامیابی کے ارادے سے اترے گی۔دہلی نے گذشتہ میچ میں چینائی سوپرکنگزکو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنمنٹ میں اپنی ساتویں کامیابی درج کی تھی۔ پنجاب نے بھی سوپر اوور میں اپنے آخری مقابلے میں دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز کو شکست دے کر ٹورنمنٹ میں اپنی امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔دہلی کے نو میچوں میں سات فتوحات اور دو شکست کے ساتھ 14 نشانات ہیں اور وہ ٹیموں کی صف بندی میں سرفہرست ہے جب کہ نو میچوں میں پنجاب کے تین فتوحات ، چھ ناکامیوں کے ساتھ چھ نشانات ہیں اور چھٹے نمبر پر ہے ۔ اپنی پلے آف امیدوں کو برقرار رکھنے کے لئے پنجاب کو دہلی کے خلاف کامیابی لازم ہے۔آئی پی ایل کے دوسرے میچ میں دہلی نے پنجاب کو سوپر اوور میں شکست دی تھی ۔ پنجاب کو اس شکست کا بدلہ لینے کا موقع ملے گا اور دو مسلسل فتوحات سے پرجوش پنجاب کی ٹیم دہلی کے خلاف جوابی کارروائی کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ٹورنمنٹ کی مضبوط ٹیم دہلی تقریبا پلے آف میں رسائی کر چکی ہے لیکن وہ پنجاب کے خلاف کامیابی حاصل کر کے آخری 4 ٹیموں میں داخل ہونا چاہے گی۔ چینائی کے خلاف سنچری بنانے والے اوپنر شکھر دھون پر ایک بار پھر پنجاب کے خلاف بڑی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری ہوگی۔دہلی نے ایک مرتبہ پھر چینائی کے خلاف خراب آغازکیا اور پرتھوی شا(0) پہلے ہی اوور میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ۔ پرتھوی کو اپنی کھوئی ہوئی فام حاصل کرنی ہوگی تاکہ ٹیم کو مضبوط آغاز مل سکے ۔ دھون نے مسلسل تیسرے میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی اننگز سے ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچایا۔چینائی کی جانب سے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دھوں نے ٹیم کی اننگز کو ایک سرے سے سنبھالے رکھا تھا۔آخر کے اوور میں انہوں نے آل راؤنڈر اکشر پٹیل کے ذریعہ تین چھکوں کی مدد سے کامیابی حاصل کی تھی۔ آخری میچ میں دہلی کا مڈل آرڈر لڑکھڑاگیا تھا اور اجنکیا رہانے ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے جنہوں نے صرف آٹھ رنز بنائے ۔ رہانے کو موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا اور اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔کپتان شرئیش آئیر بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تھے ۔