دہلی کی ایکسائز پالیسی سے 2000 کروڑ روپئے کے نقصان کا تخمینہ

   

دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے اسمبلی میں کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پیش کی

نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے آج اسمبلی میں کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ پیش کی، جس میں دہلی میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کی حکومت کے دور میں متنازعہ ایکسائز پالیسی میں مختلف بے ضابطگیوں کو اجاگر کرتے ہوئے سخت تبصرے کیے گئے ہیں۔اسمبلی اجلاس کے دوسرے دن ایوان میں پیش کی گئی سی اے جی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہلی حکومت کو 2021-22 کی غلط ایکسائز پالیسی کی وجہ سے 2000 کروڑ روپے سے زیادہ کا مالی نقصان ہوا ہے ۔اپوزیشن لیڈر آتشی سمیت عام آدمی پارٹی کے 12 اراکین اسمبلی کی معطلی کے بعد ‘دہلی میں شراب کے ریگولیشن اور سپلائی پر پرفارمنس آڈٹ’ کے عنوان سے رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہلی میں متنازعہ ایکسائز پالیسی کے بارے میں سفارشات پیش کرنے کے لیے بنائے گئے ماہرین پر مشتمل گروپ کی تجاویز کو اس وقت کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر ایکسائز منیش سسودیا نے نظر انداز کر دیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شراب کے لائسنسوں کی واپسی اور شراب خانوں کی دوبارہ ٹینڈرنگ کے معاملے میں محکمہ ایکسائز کی ناکامی سے محکمہ کو 890.15 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔سی اے جی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کووڈ-19 پابندیوں کے نام پر شراب کی دکان کے لائسنس ہولڈروں کو دی گئی 144 کروڑ روپے کی چھوٹ ضابطے کے مطابق نہیں تھی۔ محکمہ خزانہ کے اعتراضات کے باوجود چھوٹ کی اس تجویز کو سیسودیا نے ذاتی طور پر منظور کیا تھا۔آپ کی سابقہ حکومت کے رویہ پر تنقید کرتے ہوئے اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا نے کہا “یہ جان کر حیرت ہوتی ہے کہ سی اے جی کی رپورٹ 2017-18 کے بعد اسمبلی میں پیش نہیں کی گئی۔ ریاست کی مالی حالت کو جاننا بہت ضروری ہے ۔ بدقسمتی سے سابقہ حکومت نے سی اے جی کی رپورٹ پیش نہیں کی اور اس طرح آئین کی خلاف ورزی کی۔ قبل ازیں، ایوان سے اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے کابینہ کی اپنی پہلی میٹنگ میں سی اے جی کی رپورٹوں کو ایوان میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس سے سابقہ حکومت کی انتظامی خامیوں کی نشاندہی اور ان کو دور کرنے کی راہ ہموار ہوئی تھی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ان کی حکومت بدعنوانی سے پاک حکمرانی، دہلی میں خواتین کو بااختیار بنانے اور شہر کی ترقی کے لیے پرعزم ہے ۔اس کے علاوہ جمنا کی صفائی اور مکینوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے۔