دہلی کی سرحدات ایک ہفتے کیلئے بند : کجریوال

   

نئی دہلی ۔ یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی میں کورونا وائرس کیسوں میں اضافہ کے پیش نظر دارالحکومت کی سرحدات کو ایک ہفتے کیلئے بندکردیا جائیگا ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ جمعہ تک ان سرحدات کو کھولنے کے تعلق سے اپنی تجاویز پیش کریں۔ کجریوال نے ان اندیشوں کا اظہار بھی کیا کہ دہلی میں بہترین طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان سے استفادہ کیلئے دوسری ریاستوں کے عوام بھی یہاں آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرحدات کو کھولا جائیگا تو یہاں دارالحکومت میں قیام کرنے والوں کیلئے دواخانوں میں بستروں کی کمی ہوجائیگی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لازمی خدمات انجام دینے والے اور پاس رکھنے والے افراد کو دہلی میں داخلہ کی اجازت ہوگی ۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ سرحدات کو ایک ہفتے کے بعد کھولی جانی چاہئے لیکن طبی خدمات صرف دہلی والوں کیلئے ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم ایک ہفتے کیلئے ان سرحدات کو بند کر رہے ہیں اور ایک ہفتے کے بعد عوام کی تجاویز اور ماہرین کی رائے کو دیکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کیا جائیگا ۔اس سلسلہ میں احکام جاری کردئے گئے ہیں۔