دہلی کی صورتحال ، امریکی شہریوں کو احتیاط و چوکسی کا مشورہ

   

حیدرآباد۔26فروری(سیاست نیوز) امریکی سفارتخانہ نے دہلی کے موجودہ حالات کے پیش نظر اپنے شہریوں کیلئے ’’ضروری احتیاط‘‘ کی صلاح جاری کرتے ہوئے انہیں دہلی کے حالات سے متنبہ کیا ہے اور کہا کہ وہ ان مقامات سے دور رہیں جن مقامات پر شہریت ترمیم قانون کے خلاف احتجاج جاری ہے۔امریکی سفارتخانہ متعینہ ہند کی جانب سے جاری کردہ اڈوائیزیری میں کہا گیا ہے کہ دہلی میں احتجاج کے بعد میٹرو بند کئے جانے کے علاوہ کرفیو اور دیگر سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور فی الحال تشدد سے متاثرہ علاقوں میں 144نافذ ہے۔دہلی میں جاری فساد کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی سرگرمیوں کے باوجود امریکی سفارتخانہ کی جانب سے جاری کردہاڈوائیزیری میں امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے وہ ان علاقوں سے دور رہیں جن علاقوں میں سی اے اے ‘ این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاج جاری ہے۔امریکی شہریوں کو پر ہجوم مقامات سے دور رہنے کے علاوہ خود کو لوپروفائیل رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ حالات سے آگاہ رہنے کیلئے مقامی ذرائع ابلاغ پر چلنے والی خبروں کا جائزہ لیتے رہیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ سفارتخانہ نے اپنے شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کی فراہمی کے سلسلہ میں فون نمبرات بھی جاری کئے ہیں تاکہ فوری مدد کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔دہلی سفارتخانہ کی جانب سے جاری کردہ اس اعلامیہ میں سفارتخانہ کے علاوہ ملک میں موجود قونصل خانوں کے فون نمبرات بھی جاری کئے گئے ہیں جن میں حیدرآباد‘ ممبئی ‘ کولکتہ اور چینائی کے نمبرات شامل ہیں۔امریکی شہریوں کو امکانی صورتحال سے آگاہ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔