حیدرآباد 7 اپریل (پی ٹی آئی) تبلیغی جماعت اجتماع کی تیاریوں کے ضمن میں گزشتہ ماہ دہلی میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی اطلاع کا انکشاف نہ کرنے والے آنکھوں کے ایک ڈاکٹر کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ عادل آباد کے راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) میں کام کرنے والے ماہر امراض چشم کے کورونا وائرس معائنہ کی رپورٹ اگرچہ منفی آئی ہے لیکن وہ ہنوز قرنطینہ میں ہے۔ یہ شخص جو جماعت کا رکن ہے اس کی تنظیمی کمیٹی کا رکن بھی ہے جو 8 مارچ کو دہلی روانہ ہوا تھا اور 10 مارچ کو واپس ہوا تھا لیکن اپنے دہلی سفر کے بارے میں مطلع نہیں کیا تھا اور 12 مارچ سے یکم اپریل تک ڈیوٹی پر رجوع ہوتے ہوئے مریضوں کے معائنوں میں مصروف تھا۔ البتہ بعد میں منعقدہ اجتماع میں اس ڈاکٹر نے شرکت نہیں کی تھی۔ دہلی میں تبلیغی جماعت کے اجتماع سے واپس افراد کے ناموں کی پولیس تنقیح کے دوران اس ڈاکٹر کا نام منظر عام پر آیا تھا۔ چنانچہ عہدیداران صحت کو مطلع کیا گیا جن کے مشورہ پر ڈاکٹر کو قرنطینہ میں رکھا گیا۔ ایمس عہدیداروں کی شکایت پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا۔