دہلی کے شادی پور میں ایک شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل، 2 گرفتار

   

نئی دہلی: دہلی کے شادی پور علاقے میں روڈ ریج کے ایک واقعے میں دو افراد نے ایک 39 سالہ شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ ملزمین کی شناخت منیش کمار (19) اور لال چند عرف پرمود (20) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ واقعہ ہفتہ کو پیش آیا۔ پولیس کو تقریباً 11.30 بجے واقعہ کی اطلاع ملی۔ فون کرنے والے نے بتایا کہ ایک شخص سڑک پر زخمی حالت میں پڑا ہے۔ایک پولیس نے بتایا کہ منیش اور لال چند ٹیکسی میں جا رہے تھے۔ تیسرا شخص اپنی اسکوٹی پر جا رہا تھا۔ تینوں میں پہلے راستہ دینے کو لے کر جھگڑا ہوا، جس کے بعد ان کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی۔متوفی کی شناخت بعد میں پنکج ٹھاکر کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی اسکیننگ کی بنیاد پر، دو مبینہ افراد کی شناخت کی گئی۔ معاملے کی ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ ملزمین نے پنکج کو لاتوں اور گھونسوں سے مارا تھا۔