نئی دہلی : دہلی کے نو منتخب اراکین اسمبلی کے لیے منعقد ہونے والے دو روزہ اورینٹیشن پروگرام کو اب 18 اور 19 مارچ کے لیے مقرر کیا گیا ہے ، جس کا افتتاح لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کریں گے ۔ دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے برلا سے ملاقات کرکے اس پروگرام کے لیے انہیں مدعو کیا۔ دہلی اسمبلی کے سکریٹریٹ کی طرف سے آج جاری کردہ اطلاعات کے مطابق نو منتخب ایم ایل ایز کے لیے اس اورینٹیشن پروگرام کا مقصد انہیں قانون سازی کے عمل، پارلیمانی طرز عمل اور حکمرانی کے نظام کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے ۔ اس تقریب کا مقصد ایم ایل ایز کو پیشکشوں، مکالموں، مباحثوں اور علم کے تبادلے کے فورمز کے ذریعہ اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کی اہمیت کو سمجھانا ہے تاکہ وہ اسمبلی کی کارروائی میں اپنی شرکت کو مزید موثر بنا سکیں۔ اسمبلی کے اسپیکر گپتا نے اس اقدام کے بارے میں ایم ایل ایز کو ان کی ذمہ داریوں کے لیے تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ گپتا نے کہا واقفیت سے متعلق یہ پروگرام نو منتخب اراکین اسمبلی کو ضروری علم اور مہارت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ وہ اسمبلی میں مؤثر طریقہ سے کام کر سکیں۔
اس سے انہیں پارلیمانی طریقہ کار، قانون سازی کے مسودے اور بامعنی بحثوں کی اہمیت کو سمجھنے میں مدد مل سکے ۔