کیا بی جے پی میں ہمالیہ سے لائے گئے سنت، مہاتما یا سادھو بیٹھے ہیں؟شیو سینا قائد کا سوال
ممبئی :دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم منیش سیسودیا کو ایکسایز پالیسی گھوٹالے کے معاملے میں سی بی آئی نے گرفتار کیا ہے۔ اس گرفتاری کی مخالفت عام آدمی پارٹی سمیت بہت سی اپوزیشن پارٹیوں نے کی ہے نیز، مودی حکومت کے خلاف ایک محاذ کھول دیا گیا ہے۔ شیو سینا (ادھو) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا کہ جس طرح سے منیش سیسودیا کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، اس سے ایسا لگتا ہے کہ مرکزی حکومت اپنے مخالفین کی آواز کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ کیا بی جے پی میں ہمالیہ سے لائے گئے سنت، مہاتما یا سادھو بیٹھے ہیں؟ ہماری شیو سینا ( ادھو) پارٹی منیش سیسودیا کے ساتھ کھڑی ہوگی۔منیش سیسودیا کی گرفتاری پر سنجے راوت نے بی جے پی پر طنز کیا اور کہا کہ جس طرح بی جے پی اپوزیشن کے رہنماؤں کو گرفتار کر رہی ہے، مجھے ڈر ہے کہ مستقبل میں بی جے پی کے رہنماؤں کا کیا ہوگا جب وہ اقتدار سے باہر ہوں گے، کیا ہوگا اگر ان کو یکساں طور پر ستایا یا گرفتار کیا جائے گا؟ ان کی مدد کرنے کون آئے گا؟‘‘غور طلب بات یہ ہے کہ اتوار کے روز منیش سسودیا سے تقریباً 9 گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔ جس کے بعد منیش سیسودیا کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس گرفتاری کے بعد عام آدمی پارٹی نے ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ یہ جمہوریت کے لئے ایک سیاہ دن ہے۔ دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کیا اور کہا کہ منیش بے قصور ہے۔ اس کی گرفتاری گندی سیاست ہے۔ منیش کی گرفتاری کی وجہ سے لوگوں میں بہت غصہ ہے۔ لوگ دیکھ رہے ہیں۔ اس سے ہمارے حوصلہ بڑھ جائیں گے۔ ہماری جدوجہد میں اضافہ ہوگا۔ یہاں تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم منیش سسودیا کو دہلی شراب پالیسی اسکام میں کل سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن 8 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کرلیا۔ سی بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ وہ منیش سسودیا کے جوابات سے مطمئن نہیں تھی جبکہ انہوں نے منیش سسودیا پر تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ منیش سسودیا کی گرفتاری پر نہ صرف عام آدمی پارٹی بلکہ دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے سیاسی انتقام سے تعبیر کیا۔ عام آدمی پارٹی نے منیش سسودیا کی گرفتاری کو جمہوریت کے لئے سیاہ دن قرار دیا۔ پارٹی کے رکن راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طنزیہ انداز میں تعریف کی اور سوال کیا کہ کیا آپ کے پاس اڈانی کو گرفتار کرنے کی ہمت ہے جنہوں نے لاکھوں کروڑوں روپے کا غبن کیا ہے؟ اطلاعات کے مطابق منیش سسودیا کو آج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں 5 دن کی ریمانڈ میں دے دیا گیا۔