نئی دہلی:میراتھن کی عالمی ریکارڈ یافتہ بریگیڈ کوسیگی اور عالمی ہاف میراتھن میں ریکارڈ بنانے والی الابیل یشانیہ 29 نومبر کو قومی راجدھانی دہلی میں ہونے والی ایئرٹیل دہلی ہاف میراتھن کے 16 ویں ایڈیشن میں دوڑیں گی۔ اسپانسروں نے ہفتہ کو ان ایتھلیٹوں کے میراتھن میں حصہ لینے کی تصدیق کی جس سے اس سال خواتین کے زمرے میں مقابلہ کافی سخت ہوگیا ہے۔ کوسیگی نے اکتوبر 2019 میں شکاگو میراتھن میں 2:14:04 کا وقت لیا تھا اور خاتون ورلڈ میراتھن کا ریکارڈ ایک منٹ سے زیادہ وقت سے توڑ تھا۔ یشانیہ شکاگو میں دوسرے نمبر پر رہی تھیں اور انہوں نے 2:20:51 کا وقت لیا تھا۔ اس سال فروری میں راس الخیمہ ہاف میراتھن میں ایتھوپیا کی یشانیہ نے64:31 منٹ کا عالمی ریکارڈ بنایا جبکہ کوسیگی 64:49 منٹ کا وقت لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔ اس کے مشاہدہ کیلئے بڑی تعداد میں عوام کی آمد متوقع ہے ۔