ممبئی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دیوا جیت سیکیا کو بی سی سی آئی کا سکریٹری منتخب کر لیا گیا ہے۔ 55 سالہ دیوا جیت سیکیا، جے شاہ کی جگہ لیں گے جنہوں نے حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا ہے۔ اس کے علاوہ بزنس مین اور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر پربھتیج سنگھ بھاٹیا کو بی سی سی آئی کا ٹریژرر مقرر کیا گیا ہے۔ جے شاہ کے گزشتہ ماہ آئی سی سی چیئرمین بننے کے بعد یہ عہدہ خالی ہوگیا تھا اور دیوا جیت کو عبوری سکریٹری کے طور پر بی سی سی آئی میں تعنیات کیا گیا تھا۔ دیوا جیت سنگھ سیکیا نے انڈیا کیلئے کوئی بھی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا بلکہ صرف 4 فرسٹ کلاس میچ میں ریاست آسام کی ٹیم کی نمائندگی کی اور ان 4 میچوں میں وہ صرف 53 رنز بناسکے تھے۔ تاہم دیوا جیت سنگھ سیکیا کے برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ ابتدائی طور پر انہوں نے ہمنتا بسوا شرما کی قیادت میں شمال مشرقی ریاست آسام میں ایک کرکٹ کلب کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ہمنتا بسوا شرما اب ریاست آسام کے چیف منسٹر ہیں اور ان کا تعلق بی جے پی سے ہے۔ انہوں نے دیواجیت سیکیا کو اپنا ایڈوکیٹ جنرل مقرر کیا ہے۔