دیوالی کے موقع پر شہرحیدرآباد کے پھول مارکٹس میں عوام کا ہجوم

   

حیدرآباد 4 نومبر ( یو این آئی ) روشنیوں کے تہوار دیوالی کے موقع پر شہر حیدرآباد کے پھول مارکٹس میں عوام کا ہجوم دیکھاجارہا ہے ۔شہر کی گڈی ملکاپور فلاور مارکٹ میں پھولوں کی فروخت میں اضافہ درج کیاگیا ہے ۔اس مارکٹ میں طرح طرح کے پھول فروخت کئے جاتے ہیں۔ ان پھولوں کو مکانات، دکانات، تجارتی اداروں کو سجانے کے ساتھ ساتھ مختلف مقاصد کیلئے استعمال کیاجاتا ہے ۔اس مارکٹ میں پھولوں کا کاروبار کرنے والوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ان مخصوص پھولوں کی قیمت معمول کے مطابق رہی ہیں اور ان کی قیمتوں میں گذشتہ برسوں کے مقابلہ اضافہ نہیں ہوا۔اس مرتبہ بہتر بارش کی وجہ سے پھولوں کی فصل بہتر ہوئی ہے اور ان کی کمی نہیں ہے ۔ان پھولوں کا کاروبار کرنے والوں نے بتایا کہ پھولوں کی قیمت 40تا50روپئے ہے ۔بہتر معیار کے پھول کی قیمت 60تا70روپئے ہے ۔انہوں نے کہاکہ شمس آباد،ابراہیم پٹنم اور معین آباد منڈل سے ان پھولوں کو اس مارکٹ میں فروخت کرنے کیلئے لایاجارہا ہے ۔اس سال کم قیمت کی وجہ سے عوام کی بڑی تعداد ان پھولوں کو خریدرہی ہے ۔