دیوبند میں زیرتعلیم کشمیری طلبہ کو بجرنگ دل کی دھمکی

   

سہارنپور18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پلوامہ میں دہشت گرد حملے کے بعد جہاں پورے ملک میں شدید رنج و غم ہے تو وہیں نام نہاد وطن پرست تنظیمیںحالات کو کشیدہ کرنے کی کوشش میں لگاتار مصروف ہیں۔ ضلع سہارنپور میں واقع دارالعلوم دیوبند میں زیر تعلیم کشمیری طلبا کو مقامی بجرنگ دل نے دیوبند چھوڑنے کی دھمکی دی ہے۔ بجرنگ دل لیڈر وکاس تیاگی نے ایک ویڈیو جاری کر کے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دارالعلوم میں زیر تعلیم کشمیری طلبا کو فوراً ان کے ریاست جموں و کشمیر بھیجا جائے ورنہ سخت گیر ہندو تنظیمیں انہیں واپس بھیجنے کے لئے اقدام کریں گی۔ انہوں نے الزام لگا یا کہ جیش محمد کا سربراہ مولانا مسعود اظہر دیوبند نظریات سے متاثر ہے۔ تیاگی نے کہا کہ جیش محمد کا سربراہ 20 سال قبل دیوبند ہی میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا۔ دوسری جانب سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ دنیش کمار نے کہاکہ کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔