دیپاولی سے قبل ہائی ٹیک سٹی تا رائے درگم میٹرو ریل کا آغاز

   

دسمبر میں ایم جی بی ایس تا جے بی ایس میٹرو ٹرین شروع کرنے کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): گریٹر حیدرآباد میں ایچ ایم آر پراجکٹ کے تحت دیپاولی تہوار سے قبل ہائی ٹیک سٹی تا رائے درگم علاقہ تک میٹرو ریل کا آغاز کیا جائے گا ۔ جب کہ پہلے ہی حیدرآباد میٹرو ریل کاریڈار 3 کے تحت ناگول تا ہائی ٹیک سٹی تک میٹرو ریل چلائی جارہی ہے اور بہت جلد رائے درگم تک میٹرو ریل کی توسیع عمل میں لانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ عہدیداروں کے مطابق ہائی ٹیک سٹی تا رائے درگم علاقہ تک حیدرآباد میٹرو ریل کے آغاز کے بعد ماہ دسمبر میں کاریڈار 2 کے تحت ایم جی بی ایس ( مہاتما گاندھی بس اسٹیشن ) تا جے بی ایس ( جوبلی بس اسٹیشن ) کے لیے میٹرو ٹرین کا آغاز کیا جائے گا ۔ فی الوقت حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے تحت پائے جانے والے تین کاریڈارس کے لیے جملہ 56 ٹرینس چلائی جارہی ہیں ۔ جن میں 45 ٹرینس میٹرو کاریڈار 1 اور تین میں چلائی جارہی ہیں ۔ اور یہ 45 میٹرو ٹرینیں ہر روز جملہ 800 ٹرپس کا فاصلہ طئے کررہے ہیں اور مسافروں کو ان کے مقامات تک پہونچا رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ابتداء میں ہر 15 منٹ میں ایک ٹرین چلائی جاتی تھی لیکن فی الوقت ہر پانچ منٹ میں ایک میٹرو ٹرین چلائی جارہی ہے ۔ اور میٹرو ریل عہدیداروں کی یہ کوشش ہے کہ بہت جلد ہر تین منٹ میں ایک ٹرین چلا کر مسافروں کو ان کے مقامات تک کم وقت میں پہونچانے کے اقدامات کئے جاسکیں ۔ اس طرح تین کاریڈارس میں حیدرآباد میٹرو ٹرینس شروع ہوجائیں گے تو میٹرو ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد بھی 5 لاکھ سے بڑھ کر دس لاکھ تک بھی پہونچ جائے گی ۔ اسی دوران مسٹر این وی ایس ریڈی منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل کو ذاتی سی بی ٹی سی ٹکنالوجی پائی جاتی ہے اور اس ٹکنالوجی کے ذریعہ بعد ازاں ہر 90 سیکنڈس میں ایک ٹرین چلائی جاسکتی ہے ۔۔