دیپک کمار کیلئے فوری پولیس سکیورٹی کا مطالبہ:جمعیت العلماء

   

دہرادون، یکم فروری (یواین آئی) اتراکھنڈ کے ضلع پوڑی گڑھوال کے کوٹدوار میں 26 جنوری کو ایک مسلم دکاندار پر ہونے والے حملے کے دوران مداخلت کر کے اس کی جان بچانے والے ہندو نوجوان دیپک کمار کو تحفظ فراہم کرنے کا جمعیۃ علماء ہند کی مقامی اکائی نے مطالبہ کیا ہے ۔جمعیۃ علماء ہند نے اس سلسلے میں پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) کو خط لکھ کر مذکورہ ہندو نوجوان کو فوری اور مستقل پولیس تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔جمعیۃ علماء ہند کے میڈیا انچارج محمد شاہ نظر نے بتایا کہ ریاستی جنرل سکریٹری مولانا شرافت علی قاسمی کی جانب سے ڈی جی پی کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ دیپک کمار نے انسانی اور آئینی فریضہ ادا کرتے ہوئے تشدد کی مخالفت کی، لیکن اس کے بعد سے انہیں مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے ۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ 31 جنوری کو دہرادون اور ہریدوار سے بڑی تعداد میں مبینہ طور پر بجرنگ دل سے وابستہ افراد کوٹدوار پہنچے اور دیپک کمار کے جم میں توڑ پھوڑ کی کوشش کی۔ اس دوران نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا، جس کی وجہ سے مقامی تاجروں کو اپنی دکانیں بند کرنی پڑیں اور معمول کی زندگی متاثر ہوئی۔جمعیۃ علماء ہند کا کہنا ہے کہ ایک ایسے شہری کو نشانہ بنانا نہایت افسوسناک ہے جس نے تشدد کے خلاف کھڑے ہو کر سماجی ہم آہنگی اور انسانیت کی مثال پیش کی۔ تنظیم نے اسے امن و امان کے لیے سنگین چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سماج میں غلط پیغام جا رہا ہے ۔خط میں حالیہ دیگر واقعات کا حوالہ بھی دیا گیا ہے ۔ اس میں گزشتہ دنوں کشمیری نوجوانوں پر حملے اور اینگل چکما نامی نوجوان کی مشتبہ حالات میں موت جیسے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ریاست میں سماج دشمن اور شدت پسند عناصر کے حوصلے بڑھتے جا رہے ہیں جس سے دیوبھومی اتراکھنڈ کی پُرامن اور روادار شبیہ متاثر ہو رہی ہے ۔جمعیۃ علماء ہند نے ڈی جی پی سے مطالبہ کیا ہے کہ دیپک کمار کو فوری پولیس تحفظ فراہم کیا جائے ۔
کوٹدوار میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی کوشش کرنے والوں کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ، اور ریاست میں بڑھتے ہوئے ہجوم کے تشدد اور دھمکی آمیز واقعات پر مؤثر قابو پانے کے لیے سخت ہدایات جاری کی جائیں۔اس خط پر ریاستی نائب صدر مفتی رئیس احمد قاسمی، ضلع صدر دہرادون مولانا عبد المنان قاسمی، شہر صدر مفتی ایاز احمد جامعی، ضلع خزانچی ماسٹر عبد الستار، مفتی ریاض حسن، ضلع سیکریٹری قاری منتظر، رکن محمد حسن اور ریاستی میڈیا انچارج محمد شاہ نظر سمیت دیگر عہدیداران کے دستخط موجود ہیں۔