دیگلور : جشن اردو نمائش کا افتتاح، مشہور شعراء کے شخصی ماڈلس کی پیشکشی

   

دیگلور۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا ابوالکلام آزاد ایجوکیشن سوسائٹی،دیگلور ضلع ناندیڑ کے قیام کے پچاس سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریب اور جشن اردو کا انعقاد کیا گیا۔جس میں کل تمام اساتذہ، طلباء و طالبات نے مولانا ابوالکلام آزاد ہائی اسکول و جونیئر کالج سے عیدگاہ تک پھر عیدگاہ سے مولانا آزاد ہائی اسکول تک تعلیمی ریالی نکالی گئی۔ دوپہر میں تقریری مقابلے بعنوان مولانا ابوالکلام آزاد حیات و خدمات ، تعلیمِ نسواں اور مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کے عنوان پر رکھے گئے۔ جس میں سوسائٹی ھذا کے تمام اسکولس سے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ اس تقریری مقابلوں کی نظامت قاضی فرحان نے کی۔ اس کے ساتھ کیلیگرافی و مہندی ڈیزائن وغیرہ کے بھی مقابلے رکھے گئے تھے۔آج جشن اْردو نمائش رکھی گئی ، اس تقریب کی صدارت سوسائٹی کے سیکرٹری شیخ محمد صاحب (سابق رجسٹرار)نے کی۔ اس نمائش کا افتتاح صدر قاضی تعلقہ دیگلور و جوائنٹ سکریٹری قاضی انصار علی ارمان (سنیئر صحافی روزنامہ سیاست و سابق پرنسپل) کے دستِ مبارک سے ہوا۔اس موقع پر مہمان ِ خصوصی کے طور پر الحاج قاضی سید امداد علی (خطیب جامع مسجد و رْکن سوسائٹی ھٰذا) اور سید قاسم ساجد انجینئر (سیکرئیٹری بزمِ تنویر ادب ) نے شرکت کی۔اس نمائش میں اردو کے ممتاز 28 شعراء کرام و ادباء ڈاکٹر علامہ اقبال، مولانا حسرت موہانی، الطاف حسین حالی، داغ دہلوی، ولی اورنگ آبادی، امیر خسرو، بہادر شاہ ظفر،سرسیداحمدخان ، مولانا ابو الکلام آزاد،ڈاکٹرذاکرحسین، منشی پریم چند وغیرہ کے شخصی ماڈلس رکھے گئے۔ ان کی سوانح عمری پر طلباء و طالبات نے شائقین کے سامنے تعارف پیش کیا۔