دیہی اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور

   

نارائن پیٹ میں مختلف اسکولوں کے انتظامات کا جائزہ اور نئے طلبہ سے کلکٹر کی بات چیت

نارائن پیٹ ۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا داساری آئی اے ایس نے ہمارا گاؤں ہمارا مدرسہ پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر آج موضع بہرام کنڈہ پرائمری اسکول کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر دیہی مدارس کے طلباء کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ضلع کلکٹر نے ضلع کے متعلقہ محکمہ جات کے انجینئیروں اور مواضعات کے سرپنچوں کو ہدایت کی کہ وہ 30 تاریخ تک تمام اسکولوں کے بنیادی ضروریات کی چیزوں اور انفراسٹرکچر کو مکمل کرلیں تاکہ ہمارے گاؤں کے اسکول بھی ایک ماڈل اسکول بن سکیں۔ انہوں نے ٹاون کے گرلز ہائی اسکول کا بھی معائنہ کیااور اسکول کو رول ماڈل اسکول بنانے کیلئے درکار انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گرام پنچایتوں کے ذریعہ کئے جانے والے کام مکمل کرنے اور ماڈل اسکولوں کے قیام کا کام مکمل کرلیں ۔ انہوں نے مشن بھگیرتا اسکیم کے تحت تمام اسکولوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے انتظامات مکمل کرلیں۔ بعد ازاں انہوںنے موضع کے آنگن واڑی میں نئے شریک ہونے طلباء سے کچھ دیر تفریحی بات چیت کی ۔ انہوں نے موضع کے اسکول کے کچن کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ طلباء کو معیاری غذا فراہم کی جائے ۔ انہوں نے اسکولوں کے احاطہ کامعائنہ کیا اور صاف صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا ۔ ان کے ہمراہ ضلع ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر لیاقت علی اور دوسرے موجود تھے ۔