رملہ: مسجد اقصیٰ کے خطیب اور القدس سپریم اسلامی کمیٹی کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے8 ذی الحج کو مسجد اقصیٰ میں یہودی آباد کاروں کے دھاووں کی منصوبہ بندی ناکام بنانے کیلئے قبلہ اول میں حاضری یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصیٰ کے خطیب الشیخ صبری نے ایک بیان میں کہا ہیکہ یہودی آباد کار 8 ذی الحج کو مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ اس روز فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں زیادہ سے زیادہ حاضری دیکرانتہا پسند یہودی شرپسندوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔الشیخ عکرمہ صبری نے یہودی آباد کاروں کی طرف سے القدس میں موجود مقدسات پر دھاوؤں کی دھمکی کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ انتہا پسند یہودیوں نے مسجد اقصیٰ پر 8ذی الحج کو اس لیے دھاوا بولنے کا اعلان کیا ہے تاکہ مسلمانوں کے مقدس مقام کی حج کے مقدس ایام میں بے حرمتی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی نئی حکومت نے ثابت کیا ہیکہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول کیلئے خطرہ بننے والے یہودی شرپسندوں کی پشت پناہی میں سابقہ حکومت سے پیچھے نہیں۔ تمام صہیونی فلسطینی قوم کیلئے یکساں مجرم ہیں۔