نئی دہلی ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بیٹسمین راہول ڈراویڈ نے کہا ہیکہ کرکٹ جیسے سخت کھیل میں ذہنی صحت کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ کھلاڑیوں کو مصروف ترین شیڈول اور مستقبل کے غیریقینی ہونے کی وجہ سے کافی ذہنی تناؤ رہتا ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈیمی (این سی اے) کے ڈائرکٹر راہول ڈراویڈ نے میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کرکٹ جیسے سخت کھیل میں ذہنی صحت کو برقرار رکھنا کھلاڑیوں کیلئے آج کافی مشکل ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی سرپرستی میں کھیلنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو دباؤ کی وجہ سے ذہنی صحت برقرار رکھنے میں کافی دقت ہورہی ہے۔ یاد رہے آسٹریلیا کے بہترین آل راونڈر گلین میکسویل کے ہمراہ دیگر دو کھلاڑیوں کے علاوہ ایک خاتون کھلاڑی اور پاکستان کی بھی ایک خاتون کھلاڑی نے حالیہ دنوں میں ذہنی تناؤ کی وجہ سے کرکٹ سے وقفہ لیا ہے نیز کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کرکٹ میں اس وقت اہم موضوع بنی ہوئی ہے۔