ذیابیطس ، بلڈ پریشر اور دیگر امراض کے مریضوں کی گھروں پر طبی جانچ و ادویات کی فراہمی

,

   

گھروں سے نہ نکلنے اور از خود قرنطینہ اختیار کرنے کا مشورہ ، عدم احتیاط پر مشکلات پیدا ہونے کا امکان
حیدرآباد۔یکم۔ مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حکومت کے منصوبہ کے تحت ذیابیطس‘ بلڈ پریشر اور دیگر امراض میں مبتلاء مریضوں کو ادویات فراہم کی جاتی تھیں اب انہیں ان کے گھروں تک ادویات کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو کرونا وائرس سے جلد متاثر ہونے کا خدشہ ہے اسی لئے ریاست تلنگانہ میں موجود 10لاکھ 30ہزاربلڈ پریشر اور 5.7لاکھ ذیابیطس کے مریضوں کو ادویات ان کے گھروں تک پہنچائی جائیں گے اور آشا ورکرس کی جانب سے یہ ادویات ان کے گھروں تک پہنچانے کے علاوہ ان کی طبی جانچ کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اطلاعات کے مطابق ریاست میں موجود ان امراض میں مبتلاء مریضوں کو غیر معینہ مدت کے لئے تنہائی میں چلے جانے کی تاکید کی جا رہی ہے اور انہیں ازخود قرنطینہ کی ہدایت دی جا رہی ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے ان کی ایک ماہ کی ادویات کم از کم ان کے گھروں تک پہنچانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ انہیں ادویات کے لئے گھروں سے باہر نکلنے کی ضرورت نہ پیش آئے۔

بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے تحت آشا ورکرس کو ان مریضوں کے مکانات کو روانہ کیا جائے گا جو حکومت کی فہرست میں درج ہیں ، حکومت کی جانب سے ایک ماہ کی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور ان حالات میں ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو گھروں سے نکلنے سے روکنے کیلئے یہ اقدامات کئے جارہے ہیں کیونکہ ان دونوں امراض میں مبتلاء مریض کورونا وائرس کے حملہ کا جلد شکارہوسکتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ان ادویات کے لئے مریضوں کو اپنے ویلیج میڈیکل آفیسر یا 104 پر رابطہ کرنا پڑتا تھا لیکن اب جوحالات پیدا ہو چکے ہیں ان حالات میں انہیں باہر نکلنے دینا ان کی زندگی کیلئے خطرہ ہے اور اگر وہ کورونا وائرس سے متاثر ہوتے ہیں تو انہیں سخت حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور ان کے علاج میں کئی دشواریاں پیدا ہوسکتی ہیں اسی لئے ان کو سخت نگہداشت کے ساتھ اپنے ہی گھر میں قرنطینہ کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے ۔