نئی دہلی ۔30مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)حکومت نے پیر کو کہا کہ 21 روزہ لاک ڈاؤن جو منگل کی درمیانی شب سے لاگو ہے ، اُس میں توسیع کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے پریس انفارمیشن بیورو کے ٹوئٹ کے مطابق کابینی سکریٹری راجیو گوبا نے ایسی میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ حکومت اس بند کو وسعت دے گی ۔ بیان میں کہا گیا کہ اس بارے میں افواہیں اور بعض میڈیا رپورٹس بھی زیرگشت ہیں کہ حکومت موجودہ لاک ڈاؤن کی مدت ختم ہونے کے بعد اسے مزید آگے بڑھائے گی ۔ کابینی سکریٹری نے تردید کی کہ اس طرح کی رپورٹس بے بنیاد ہیں اور افواہوں پر کان مت دھریں۔ 21 روزہ لاک ڈاؤن کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانا ہے ۔