جنوری تا ستمبر 6079 درخواستوں کی یکسوئی ،کوکہ پیٹ اور بنڈلہ گوڑہ جاگیر میں کئی ہمہ منزلہ پراجکٹس منظور
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (HMDA) نے جاریہ سال جنوری تا ستمبر بلڈنگ اور لے آؤٹ پرمیشن سے متعلق درخواستوں کی ریکارڈ تعداد میں یکسوئی کی ہے۔ اس مدت کے دوران جملہ 6079 درخواستوں کی یکسوئی کی گئی جو 2024 کے مقابلہ 49 فیصد اور 2023 کے مقابلہ 36 فیصد زائد ہیں۔ ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کے مطابق بلڈنگ پرمیشن کے تحت 2904 درخوستوں کی یکسوئی کی گئی جو 2024 کے مقابلے 47 فیصد اور 2023 کے مقابلے سے 26 فیصد زائد ہے۔ درخواستوں کی یکسوئی سے ایچ ایم ڈی اے کو 1225 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے ۔ 2024 میں درخواستوں کی یکسوئی سے 355 کروڑ اور 2023 میں 674 کروڑ کی آمدنی ہوئی تھی۔ جاریہ سال کی آمدنی 2024 کے مقابلہ 245 فیصد اور 2023 کے مقابلے 82 فیصد زائد ہے۔ جاریہ سال ماہِ ستمبر میں ایچ ایم ڈی اے کو 132 کروڑ کی آمدنی ہوئی جو گزشتہ سال ستمبر کی آمدنی سے263 فیصد زائد ہے ۔ ایچ ایم ڈی اے کے میٹرو پولیٹن کمشنر سرفراز احمد کے مطابق جاریہ سال 3677 نئی درخواستیں داخل کی گئیں جن میں 2887 کی یکسوئی کی گئی ہے۔ جو درخواستوں کی یکسوئی کی شرح 79 فیصد درج ہوئی ہے۔ 2024 میں 38 فیصد اور 2023 میں 58 فیصد درخواستوں کی یکسوئی ہوئی تھی ۔ سرفراز احمد کے مطابق درخواستوں کی بروقت اور موثر یکسوئی کے نتیجہ میں درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے کوکہ پیٹ اور بنڈلہ گوڑہ جاگیر علاقوں میں کئی ہمہ منزلہ پراجکٹس اور وینچرس کو منظوری دی گئی جن میں 63 منزلہ عمارتیں موجود ہیں۔ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے منظورہ پراجکٹس میں کوکہ پیٹ کا 2.17 ایکر پر محیط پراجکٹ شامل ہے جس میں 5 سیلر ، گراؤنڈ فلور کے ساتھ 63 منزلہ عمارت رہے گی۔ کوکہ پیٹ میں 7.71 ایکر کے 5 بلاکس کو منظوری دی گئی ہے۔ حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ کاروبار میں اضافہ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بنڈلہ گوڑہ جاگیر میں 3.22 ایکر کے ڈیولپمنٹ اور 2.34 ایکر کے پراجکٹ کو منظوری دی گئی ۔ حکام نے 2862 ایکر پر اوپن پلاٹ لے آؤٹ کی منظوری دی ہے۔ 1