رائیڈو حیدرآباد کی دوبارہ نمائندگی کے خواہاں

   

چینائی۔/30 اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین امباتی رائیڈو نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے سبکدوشی کے فیصلہ سے واپسی کرتے ہوئے تینوں طرز کی کرکٹ میں حیدرآباد کی نمائندگی کے خواہاں ہیں۔ رائیڈو نے دو ماہ قبل ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں منتخب نہ کرنے سے دلبرداشتہ ہوکر بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی اختیارکی تھی لیکن اب انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ حیدرآباد کی نمائندگی کے خواہاں ہیں۔ رائیڈو کے بموجب انہوں نے بی سی سی آئی کے عہدیدار رتناکر شیٹی جو کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے بھی رکن ہیں انہیں ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے اپنی واپسی کی خواہش کا اظہار کیا۔ 33 سالہ رائیڈو نے ایچ سی اے کو ایک میل تحریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی سبکدوشی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے حیدرآباد کیلئے تینوں طرز کی کرکٹ میں نمائندگی کرنے کے خواہاں ہیں۔ دوسری جانب شیٹی نے کہا کہ رائیڈو کا فیصلہ جلد بازی میں کیا جانے والا فیصلہ تھا لیکن خوشی ہے کہ انہوں نے اس فیصلہ سے دستبردار ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی اچھی خبر ہے کہ رائیڈو نے اپنی غلطی جلد سدھار لی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ رائیڈو میں ہنوز کرکٹ باقی ہے اور ان کی آمد سے حیدرآباد کو یقیناً فائدہ ہی ہوگا۔ رائیڈو 2000 ء سے حیدرآباد کے لئے ایک نامور نام ہے جو 15 رکنی ٹیم میں ہمیشہ ہی شامل رہا ہے ۔