رائے دہی کو آزادانہ اور شفاف بنانے میں مائیکرو آبزرورس کا اہم رول

   

ٹریننگ سیشن کا اہتمام ، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور انتخابی مبصر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 5 ۔نومبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف رائے دہی کے لئے مائیکرو آبزرورس کو متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور جی ایچ ایم سی کے کمشنر آر وی کرنن نے انتخابی مبصر رنجیت کمار سنگھ کے ہمراہ مائیکرو آبزرورس کے لئے ٹریننگ سیشن کا اہتمام کیا۔ رائے دہی کے دن مائیکرو آبزرورس کی ذمہ داریوں سے واقف کراتے ہوئے انہیں چوکسی کا مشورہ دیا گیا ۔ ٹریننگ کے اہتمام کا مقصد رائے دہی کے دن کے تمام ضروری امور اور پولنگ اسٹیشنوں پر انتظامات کے بارے میں واقف کرانا ہے۔ رائے دہی مراکز پر رائے دہندوں کی شناخت کے طریقہ کار کے علاوہ ووٹنگ مشینوں کو مہربند کرنے کے رہنمایانہ خطوط بتائے گئے جسے الیکشن کمیشن نے جاری کیا ہے۔ مائیکرو آبزرورس سے کہا گیا کہ وہ رائے دہی کو برسر عام ہونے سے روکیں اور کسی بھی رائے دہندہ کا ووٹ باہر نہیں آنا چاہئے ۔ مائیکرو آبزرورس کو شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آر وی کرنن نے کہا کہ انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار طریقہ سے مکمل کرنے میں محکمہ آبزرورس کا اہم رول ہے ۔ ٹریننگ سیشن میں انتخابی مبصر رنجیت کمار سنگھ نے کہا کہ محکمہ آبزرورس الیکشن کمیشن کے آنکھ اور کان کی طرح ہیں۔ رنجیت کمار سنگھ نے مائیکرو آبزرورس سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی ذمہ داریوں اور فرائض سے واقف کرایا۔ 1