رائے دہی کے موقع پر چوکس رہنے کانگریس امیدواروں کو ریونت ریڈی کی ہدایت

   

رقومات کی تقسیم پر نظر رکھنے کا مشورہ، سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کل 30 نومبر کو رائے دہی کے موقع پر حکمت عملی کو قطعیت دی ہے۔ مانک راؤ ٹھاکرے، وی ہنمنت راؤ، مدھو یاشکی گوڑ، انجن کمار یادو، ڈاکٹر ملوروی اور دیگر قائدین کے ساتھ اجلاس میں رائے دہی کے موقع پر برسر اقتدار پارٹی کی جانب سے بوگس رائے دہی اور دولت اور شراب کی تقسیم کو روکنے پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ قائدین نے 119 اسمبلی حلقہ جات کے امیدواروں کو رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے پولنگ کے موقع پر اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا۔ کانگریس امیدواروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ پولنگ ایجنٹس اور ان کے معاونین کے ذریعہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ پر توجہ دیں۔ امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ رائے دہندوں کے دوران برسراقتدار پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے تلبیس شخصی کے واقعات کو پریسائیڈنگ آفیسر اور الیکشن کمیشن کے مبصرین کے علم میں لایا جائے۔ رائے دہی کے آغاز سے اختتام تک چوکسی برقرار رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔ تمام امیدوار رائے دہی کی تکمیل کے بعد رائے شماری کے دن تک اپنے حلقہ جات میں قیام کرتے ہوئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ اسٹرانگ رومس جہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشین محفوظ کئے جاتے ہیں ان کی کانگریس کارکنوں کی جانب سے نگرانی کی جائے گی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کوڑنگل کے ضلع پریشد ہائی اسکول بوائز میں حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔