ممبئی: مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے بی جے پی لیڈر اور ریاست کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے اندھیری ایسٹ کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے امیدوار کو کھڑا نہ کرنے اور شیوسینا کے آنجہانی ایم ایل اے رمیش لٹے کی اہلیہ ریتوجا لٹے کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا راستہ صاف کرنے کی درخواست کی ہے۔ ریتوجا لٹے شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے دھڑے کی امیدوار ہیں راج ٹھاکرے نے خط میں لکھا ہے کہ ’’میں یہ خط ایک خصوصی درخواست کرنے کے لیے لکھ رہا ہوں۔ ایم ایل اے رمیش لٹکے کے بدقسمتی سے انتقال کے بعد اندھیری (ایسٹ) اسمبلی سیٹ کے لیے ضمنی انتخاب کا اعلان کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ان کی اہلیہ ریتوجا لٹکے نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ رمیش ایک اچھا کارکن تھا۔ انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز برانچ چیف کے عہدے سے کیا۔ میں ان کے سیاسی سفر کا گواہ ہوں۔ ان کی موت کے بعد اگر ان کی بیوی ایم ایل اے بنتی ہے تو رمیش کی روح کو سکون ملے گا۔