جئے پور(راجستھان):حکومت کے احکاما ت کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک خاندان نے شادی کے موقع پر کثیر تعداد میں مہمانوں کو مدعو کیا جس پر انہیں حکومت کی جانب سے بھاری جرمانہ عائد کیا گیا اور بتایا گیا ہے کہ ان میں سے دلہے کے بشمول 15 افراد کوویڈ۔19 سے متاثر بھی ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ بھلوارا ضلع میں پیش آیا۔ذرائع کے مطابق بھدادا محلہ کے ساکن گھسولال راٹھی اپنے بیٹے رجول کی شادی کیلئے انتظامیہ سے 50 افراد کے شرکت کی اجازت حاصل کی تھی۔ یہ شادی 13 جون کو منعقد ہوئی۔اجازت دینے کے وقت انہیں بتایا گیا تھا کہ شادی میں ماسک، سینی ٹائزر اور سماجی فاصلہ کو یقینی بنائیں۔ لیکن شادی کی اس تقریب میں 250 لوگوں کو مدعو کیاگیا اور بتائے گئے احکامات جن میں ماسک،سینی ٹائز اور سماجی فاصلہ کو برقرار دھجیاں اڑائی گئیں۔ 19 جون کو پتہ چلا کہ دلہے رجول کے بشمول 15 افراد کوویڈ۔19 سے متاثر ہوگئے ہیں جبکہ 58 افراد کو الگ تھلگ (کورنٹائن) کردیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ایک شخص کی موت بھی ہوگئی ہے۔ بھلوارا ضلع کلکٹر نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ہفتہ کے دن اس فیملی کو اندرون یوم میں چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں 6,26,600 روپے جمع کروانے کے احکامات جاری کردئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے گھسولال راٹھی کے خلاف راجستھان وباء ایکٹ 1957اور قومی ڈساسٹر مینجمنٹ ایکٹ2005 کے تحت ایک ایف آئی آر درج کرلیا ہے۔ مذکورہ رقم ان 15 متاثرہ افراد کے علاج پر خرچ کئے جائیں گے جو اس شادی میں شرکت کرنے پر متاثر ہوئے تھے اور ان 58 افراد پر بھی خرچ کی جائے گی جس میں ٹسٹ، علاج، کورونٹائن سہولت، آئسولیشن وارڈ، غذاء کی فراہمی اور ایمبولینس کے اخراجات شامل ہیں۔